حوزہ نیوز ایجنسی کی بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق،سعودی عرب میں عازمین حج کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔عازمین حج کا پہلا کاررواں مکہ مکرمہ پہنچ گیا۔ وزارت حج و عمرہ کے اعلی عہدیداروں نے محکمہ شہری ہوابازی کے تعاون سے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ جدہ پر قصیم سے آنے والے عازمین حج کا خیرمقدم کیا۔
تفصیلات کے مطابق تمام متعلقہ اداروں نے اس سال حج کرنے والوں کی خدمت کے لیے انتظامات مکمل کرلیے۔ سیکیورٹی، صحت اور مختلف اداروں نے جامع عملی پروگرام پر عمل درآمد کا آغاز کردیا۔
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو ٹھہرانے کے لیے انتظام کرلیا ہے جہاں وہ منی جانے سے قبل قیام کریں گے۔ 4 ذی الحجہ سے 8 ذی الحجہ تک ہوٹل میں رہیں گے۔ ہر عازم حج کے لیے ایک ایک کمرہ ہے۔ کمرے میں آب زمزم کی سینیٹائز بوتلوں سے لے کر سنیکس، پھلوں اور مٹھائیوں کی باسکٹوں سمیت ناشتے ، ظہرانے اور رات کے کھانے تک کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسکے علاوہ مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے منی، مزدلفہ اور عرفات میں آپریشنل پلان جاری کردیا ہے۔ اتھارٹی کے ترجمان جلال کعکی نے کہا کہ ہمارا سارا زور کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پر ہے۔
کعکی نے کہا کہ جمرات کے پل (وہ مقام جہاں شیطانوں کو کنکریاں ماری جاتی ہیں) کی اصلاح ومرمت اور اسے استعمال کرنے کے طور طریقوں کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ تمام سسٹمز چیک کرلیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ سی سی کیمروں کے روم موثر ہیں۔ حاجیوں کے قافلوں کو منظم کرنے اور حج مقامات پر صفائی کی سکیمیں تیار ہیں۔
نہوں نے مزید کہا کہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آپریشنل پلان کے تحت العزیزیہ اور الشعبین کو جمرات کے پل سے جوڑ دیا گیا ہے۔ الشعبین اور العزیزیہ پروجیکٹ کے ذمہ دار سیکیورٹی اداروں سے رابطے میں ہیں۔